نئی دہلی، 20؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی حکومت بجلی تقسیم کرنے والی کمپنی بی ایس ای ایس کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ان کے لائسنس منسوخ کرنے پرغورکررہی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ مسلسل انتباہ کے باوجود ان کی کارکردگی کو اصلاحات مایوس کن ہی رہنے کی وجہ سے حکومت ان کے لائسنس منسوخ کرنے پرغورکر رہی ہے۔ذرائع نے کہا کہ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے ساتھ ملاقات میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے خبردار کیا کہ اگر ان کی کارکردگی میں بہتری نہیں ہوتی ہے تو حکومت سخت قدم اٹھائے گی۔بجلی کے وزیر ستیندر جین نے انل دھیرو بھائی امبانی گروپ کے صدر انل امبانی کو گزشتہ ہفتے ان کمپنیوں کی ناقص کارکردگی اور قومی دارالحکومت میں بجلی کی غیر معمولی کمی کے بارے میں خط لکھاتھا ۔جین نے ان کو ملاقات کے لیے دہلی آنے کے لیے بھی کہا۔انہوں نے الزام لگایا کہ شہر کے تقریباََ70فیصد علاقے میں بجلی سپلائی کرنے والی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے حکومت کی جانب سے سخت انتباہ کے بعد بہتری دکھانے کے لیے اعداد و شمار میں ہیر پھیر شروع کر دیا ہے۔